Saturday, 5 April 2014

Salam Ya Binte Rasool saws




شہادت بی بی سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا


۔
زہرا(ع) رسول (ص) ہر دو جہاں کی ہیں جان بھی
زہرا (ع) خدا کے عرش پہ بابا (ص) کی شان بھی
زہرا (ع) حسینیوں کے لیے ہیں امان بھی
زہرا (ع) نبی (ص) کے دل میں دھڑکتا قرآن بھی
زہرا (ع) نبی (ص) کی روح ہیں خدا کا حجاب ہیں
حیدر (ع) ہیں گر سوال تو زہرا (ع) جواب ہیں
۔
کرتا ہے ان پہ ناز خداوند بحر و بر
ان کی نگاہ فیض ہے معبود کی نظر
ان سے ہی سرفراز ہوئ لیلۃ القدر
قبلہ ہے آیتوں کے لیے ان کے گھر کا در
ہمسر علی (ع) کی ہیں تو محمد (ص) کی زین ہیں
بیٹے انہیں کے ہیں جو حسن (ع) اور حسین (ع) ہیں
۔
روشن خدا کے عرش پہ رہتا ہے ان کا نور
ان کے سبب سے چلتے ہیں مخلوق کے امور
عاجز ہیں ان کے آگے رسولوں کے بھی شعور
ان سے خدا قریب ہے، ہر رجس ان سے دور
جو ہے خدا کی بات وہ ان کا کلام ہے
جو ہے خدا کا نام وہ زہرا (ع) کا نام ہے
۔
روتی ہوئ جہاں سے گئیں بنت مصطفی (ص)
پہلو شکستہ آنکھ تھی نم لب پہ تھی بکا
قبر نبی (ص) پہ آ کے بصد یاس دی صدا
بابا جو میرا گھر تھا وہ گھر مجھ سے چھن گیا
دیکھو تمہاری آل (ع) پہ کیسا یہ ظلم ہے
بابا تمہارے شہر میں رونا بھی جرم ہے
۔
چپ سادھ لی الم سے زمین و زمان نے
برسایا خون آب کی جا آسمان نے
وا غربتاہ پکار کہا یوں قرآن نے
خالق کو جان دے دی محمد (ص) کی جان نے
بابا کے ہجر میں تھی جو بےچین، نہ رہی
لوگو جہاں میں مادر حسنین (ع) نہ رہی
۔
روئے لپٹ کے ماں سے یوں حیدر (ع) کے نونہال
چھایا خدا کے عرش پہ رنج و غم و ملال
جبریل (ع) نے کی عرض کہ اے شیر ذوالجلال (ع)
محشر کا ہے سماں یہ قیامت کی ہے مثال
کہتا نہیں کہ جسم کو جاں سے الگ کریں
للہ اپنی آل (ع) کو ماں سے الگ کریں
۔
دل میں خیال آتا تھا حیدر (ع) کو بار بار
کیسے چلیں وہ لے کے جنازہ سوئے مزار
َ بچے تو ہو رہے ہیں جنازے پہ بے قرار
میں بھی شکستہ ہوں مرے بچے بھی دل فگار
سوچو تو ایسے حال میں کیا مرتضی (ع) کریں
ماں (ع) سے بھلا حسین (ع) کو کیسے جدا کریں
۔
آصف نبی (ص) کی روح کو آتا نہیں تھا چین
سر کو پٹک پٹک کے بلکتے رہے حسین (ع)
حیدر (ع) پکارتے تھے کہ اے میرے نور عین
صابر ہو تم تو صبر کرو شاہ قبلتین(ع)
ماں کو تمہاری روح نبی (ص) کی بلاتی ہے
دکھیاری اپنے باپ سے ملنے کو جاتی ہے
۔
کلام: سید آصف زیدی

No comments:

Post a Comment